اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ سیلابی ریلوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں پر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کے عوام سے مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اور قوم کو ان کے دکھ و درد کا پورا ادراک ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے عوام، خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت قوم کے اتحاد اور انسانیت کے تقاضوں پر پورا اترنے کا ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ موجودہ صورتحال صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے ایک امتحان ہے۔ ’’ہم سب کو مل کر، سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر، اپنے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کرنی چاہیے‘‘
واضح رہے کہ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اب تک خیبرپختونخوا میں سیلاب اور بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 307 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔ریسکیو ادارے، حکومت اور مقامی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ امداد اور بحالی کا عمل جاری ہے۔





