کلاؤڈ برسٹ کا خطرہ ،کن علاقوں میں ہنگامی الرٹ جاری؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

مری: ملکہ کوہسار مری میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سیاحت پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اس صورتحال میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر مری نے شہریوں اور سیاحوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران ندی نالوں اور پہاڑی ڈھلوانوں سے دور رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی ادارے مکمل الرٹ ہیں۔

ادھر محکمہ سیاحت پنجاب نے بھی مون سون بارشوں کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس میں تمام فیلڈ دفاتر کو ضلعی انتظامیہ اور ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق:

تمام سیاحتی و تاریخی مقامات پر ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے۔
ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ سے فوری رابطے کے لیے فوکل پرسن تعینات کیے جا رہے ہیں۔
ایمرجنسی ریسکیو اور ابتدائی طبی امداد کے لیے عملہ الرٹ رہے گا۔
تمام سیاحتی مقامات پر ایمرجنسی نمبرز واضح طور پر آویزاں کیے جائیں گے۔
دریاؤں، ندی نالوں اور ممکنہ خطرے والے علاقوں میں داخلہ محدود کر دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : وفاق نے سیلاب متاثرین کو تنہا چھوڑ دیا، ترجمان وزیراعلیٰ کا شکوہ

محکمہ سیاحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش یا ممکنہ سیلابی صورتحال کے دوران سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ہنگامی نمبروں پر رابطہ کریں۔

سیاحوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روانگی سے قبل محکمہ موسمیات کی تازہ ترین اپ ڈیٹس سے ضرور باخبر رہیں۔

Scroll to Top