اسلام آباد: سینیٹر عرفان صدیقی نے اختلاف رائے کو جمہوریت کا حسن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اختلاف کرتے ہوئے شائستگی کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔
انہوں نے یہ بات عوامی نیشنل پارٹی کی کل جماعتی کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اب تک کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اللہ تعالیٰ نے پاکستان کے نام سے ہمیں ایک محفوظ ٹھکانہ دیا ہے۔ 2025 تک پاکستان نے کئی اہم مراحل طے کیے ہیں اور کئی بلندیوں کو چھوا ہے۔
عرفان صدیقی نے عوام پر زور دیا کہ نفرتیں نہ پالیں کیونکہ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے اور نفرت کی زمین پر کوئی اچھی چیز پروان نہیں چڑھتی۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور افغانستان ایک زبان اور ثقافت کے لوگ ہیں، مذاکرات ناگزیر ہیں،حافظ نعیم الرحمن
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو گالی دینے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، اور بلوچستان سے پنجاب کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کے تسلسل سے ہی معاشرے ترقی کرتے ہیں اور نفرت پر مبنی سیاست کو روکنا ہوگا۔ احتجاج اور دھرنوں کی سیاست ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے امن، محبت اور شائستگی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور ملک میں اتفاق و یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔





