انتظار ختم ! 5 اضلاع میں غیر قانونی غیر ملکیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

انتظار ختم ! 5 اضلاع میں غیر قانونی غیر ملکیوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، مری اور ہری پور کو ’’سیف زون‘‘ قرار دینے کے لیے حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیے گئے ہیں۔

چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے گا، جس میں ان کے رہائشی پتے اور دیگر ذاتی معلومات شامل ہوں گی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ان افراد کی مستقبل میں دوبارہ آبادکاری روکنے کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی جائے۔

موبائل سمز کا اجرا بند، غیر قانونی غیر ملکیوں کو موبائل سمز جاری کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔لین دین اور جائیداد کی خرید و فروخت پر کنٹرول، غیر قانونی افراد کے لیے اسٹامپ پیپرز کی فروخت بند کی جائے گی تاکہ وہ کسی قسم کا مالی یا قانونی لین دین نہ کر سکیں۔ہوٹلز اور کرایہ داروں کی نگرانی، گھروں اور ہوٹلوں میں مقیم غیر ملکی کرایہ داروں کی رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، رجسٹر نہ ہونے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

فیصلے کے تحت ایف آئی اے اور نادرا سمیت متعلقہ اداروں کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کی جائے گی تاکہ کسی بھی غیر قانونی غیر ملکی کی شناخت اور نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔چیف کمشنر نے واضح کیا کہ صرف وہی غیر ملکی افراد قیام کے مجاز ہوں گے جن کے پاس درست ویزا یا اجازت نامہ ہوگا، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

Scroll to Top