انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہروں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی گئی، جبکہ سلمان اکرم راجا اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع دے دی گئی۔
انسداددہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اکتوبر اور 26 نومبر 2023 کے احتجاجی مقدمات کی سماعت کی۔ عدالت کے روبرو پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان تفتیشی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، خصوصاً عالیہ حمزہ کی جانب سے قبل ازیں بھی ایک بار ضمانت خارج ہونے کے بعد دوبارہ عبوری ضمانت حاصل کی گئی تھی۔
عدالت نے پراسیکیوشن کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔فیصلہ عدم حاضری اور عدم پیروی کی بنیاد پر سنایا گیا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا عدالت میں پیش ہوئے، جن کی عبوری ضمانت میں 3 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔سینیٹر اعظم سواتی کے وکیل کی جانب سے عدالت میں عدم حاضری کی درخواست جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ پشاور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت میں 27 اگست تک توسیع کر دی۔





