نوشہرہ: دریائے کابل میں نہانے پر 15 نوجوان گرفتار، مقدمات درج

فضل نبی
نوشہرہ میں دریائے کابل میں نہانے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 15 نوجوانوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق دریائے کابل میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت سخت پابندی عائد ہے، جس کی خلاف ورزی پرمقدمات درج کرتے ہوئے تمام افراد کو حوالات میں بندکر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بارہا انتباہ اور آگاہی کے باوجود شہری خطرناک مقامات پر نہانے سے باز نہیں آ رہے۔

متعلقہ حکام نے واضح کیا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے پر عائد پابندی شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جانی و مالی نقصان میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔

پراوِنشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تازہ ترین رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات میں اب تک 365 افراد جاں بحق جبکہ 181 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 294 مرد، 41 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 144 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔ سیلابی صورتحال سے 782 مکانات کو بھی نقصان پہنچا، جن میں 433 مکانات جزوی طور پر جبکہ 349 مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلع بونیر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 225 افراد جاں بحق ہوئے۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں سوات، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام اور صوابی شامل ہیں۔

اتھارٹی کے مطابق 17 سے 19 اگست کے دوران مزید شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کی جائے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے، ایمرجنسی یا موسمی صورتحال سے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

Scroll to Top