محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 23 اگست سے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، جو کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
موسمیاتی ادارے کے مطابق 23 سے 27 اگست کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ اسی دوران آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اکثر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا میں 23 سے 26 اگست تک مختلف مقامات پر بارشیں متوقع ہیں، جب کہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں 23 سے 27 اگست کے دوران بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 سے 29 اگست کے دوران سندھ اور مشرقی و جنوبی بلوچستان کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جب کہ 23 سے 26 اگست کے درمیان سندھ اور بلوچستان کے کچھ حصے ہلکی سے درمیانی بارش کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اپر کوہستان سکینڈل: ملزمان کمرہ عدالت سے گرفتار
بارشوں کے اس نئے سلسلے کے باعث ملک کے بعض شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔ وسطی پنجاب سمیت شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔





