کراچی میں منگل کو شدید بارشوں اور خراب موسمی حالات کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن گردش کرنے لگا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے تمام اسکولوں کی ایک ہفتہ تک چھٹیاں کر دی ہیں۔
مختلف سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا جا رہا تھا کہ بدھ، جمعرات اور جمعہ کو بھی تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہےجس سے والدین اور طلباء میں کافی الجھن پھیل گئی۔

تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ نوٹیفکیشن جعلی اور گمراہ کن ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے واضح کیا ہے کہ ایسی کوئی بھی چھٹیوں کی منظوری یا اعلان نہیں ہوا۔

بارش کے باعث منگل کے بعد بدھ کو تعطیل دی گئی تھی، اور موسم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے جمعرات کے لیے بھی ایک دن کی الگ چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ تاہم،پورے ہفتے کی چھٹیوں کا کوئی سرکاری اعلان موجود نہیں ہے۔
محکمہ تعلیم نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسی افواہوں پر یقین نہ کریں اور سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔





