سرکاری حج اسکیم 2025!ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد درخواستیں جمع، وصولی کا مرحلہ مکمل

سرکاری حج اسکیم 2025!ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد درخواستیں جمع، وصولی کا مرحلہ مکمل

وزارت مذہبی امور کے تحت سرکاری حج اسکیم 2025 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل باقاعدہ طور پر مکمل کر لیا گیا ہے۔ ملک بھر سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 18 ہزار 60 حج درخواستیں موصول ہوئیں، جس کے بعد مزید درخواستیں لینے کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل(سما نیوز)کے مطابق حج درخواستوں کی وصولی ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر کی گئی، جبکہ مقررہ مدت میں آن لائن سسٹم اور منتخب بینکوں کے ذریعے درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ وزارت مذہبی امور نے درخواست دہندگان سے حج پیکیج کی نصف رقم پہلی قسط کے طور پر وصول کی، جبکہ باقی اخراجات دوسری قسط میں لیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق اس بار درخواستوں کی وصولی کا عمل ماضی کی نسبت قبل از وقت مکمل کیا گیا۔ ابتدائی مرحلے میں صرف رجسٹرڈ عازمین سے درخواستیں لی گئیں، بعد ازاں غیر رجسٹرڈ افراد کو بھی درخواست دینے کی اجازت دی گئی۔

واضح رہے کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین نے مختصر اور طویل دورانیے کے حج کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں، اور یہ مرحلہ 17 روز میں مکمل کیا گیا۔

وزارت مذہبی امور آئندہ چند دنوں میں قرعہ اندازی یا اگلے مرحلے کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کرے گی۔

Scroll to Top