ریسکیو 1122 اہلکاروں نے ایمانداری کی شاندار مثال قائم کردی

صوابی :ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ دیانتداری اور فرض شناسی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی اعتماد جیت لیا۔

صوابی میں دالوڑی آپریشن کے دوران ملبے سے برآمد ہونے والی لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور سونے کے زیورات اصل مالکان کو واپس کر دیے گئے۔

ریسکیو 1122 اہلکار دالوڑی کے علاقے میں ایک امدادی کارروائی میں مصروف تھےجہاں تباہ شدہ مکان کے ملبے سے قیمتی اشیاء برآمد ہوئیں۔ اہلکاروں نے ان اشیاء کو نہایت احتیاط اور دیانتداری کے ساتھ محفوظ کیااور بعد ازاں مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں یہ سامان ورثاء کے حوالے کر دیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر صوابی، اویس بابر نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 کا مشن صرف زندگیاں بچانا نہیں بلکہ دیانت، خدمت اور شفافیت کو بھی برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے اہلکاروں کی اس ایمانداری کو سراہا اور اسے ادارے کی اعلیٰ اقدار کا عملی نمونہ قرار دیا۔

Scroll to Top