اینڈرائیڈ فونز کی کال سیٹنگز میں ہونے والی تبدیلی،وجہ سامنے آ گئی

اسلام آباد: اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے لاکھوں صارفین نے حالیہ دنوں میں اپنے موبائل فونز کی کال سیٹنگز اور انٹرفیس میں نمایاں تبدیلی محسوس کی ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے مختلف تبصرے کیے ہیں۔

کئی افراد نے ان تبدیلیوں کو سیکیورٹی خدشات سے جوڑا اور خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں یہ کسی ہیکنگ کا نتیجہ تو نہیں، جب کہ بعض صارفین نے اسے گوگل کی جانب سے جاری کی گئی نئی اپڈیٹ قرار دیا اور مطمئن دکھائی دیے۔

نئی تبدیلی کے بعد اینڈرائیڈ فون پر کال کرنے یا موصول ہونے کی صورت میں فون کا انٹر فیس مختلف نظر آتا ہے۔ کالنگ ایپ میں موجود ’فیورٹس‘ کا آپشن ہٹا دیا گیا ہے اور اب صارفین کو صرف ’ہوم‘ اور ’کی پیڈ‘ یعنی ڈائلر کے آپشنز نظر آتے ہیں۔ گوگل نے ’فیورٹس‘ کو ’ہوم‘ ٹیب میں ضم کر دیا ہے تاکہ کالنگ ایپ کو زیادہ سادہ اور تیز بنایا جا سکے۔

گوگل نے مئی 2025 میں اس اپڈیٹ کا باقاعدہ اعلان کیا تھا جس کے تحت کمپنی نے “Material 3 Expressive” کے نام سے ایک نیا ڈیزائن متعارف کرانے کا عندیہ دیا تھا۔ اس نئے ڈیزائن کا مقصد اینڈرائیڈ صارفین کو زیادہ آسان، بصری طور پر بہتر اور مؤثر تجربہ فراہم کرنا ہے۔

اسی سلسلے میں نہ صرف کال ایپ بلکہ دیگر اہم فیچرز جیسے نوٹیفکیشنز، تھیم کلرز، گوگل واچ، جی میل اور فوٹو ایپ میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ریسکیو 1122 اہلکاروں نے ایمانداری کی شاندار مثال قائم کردی

صارفین کی جانب سے اس تبدیلی پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، تاہم ٹیکنالوجی ماہرین کا ماننا ہے کہ گوگل کا یہ قدم اینڈرائیڈ کے یوزر انٹرفیس کو مزید بہتر اور صارف دوست بنانے کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔

Scroll to Top