سیاح ہوشیار، محکمہ سیاحت نے اہم وارننگ جاری کر دی

سیاح ہوجائیں ہوشیار، محکمہ سیاحت نے اہم وارننگ جاری کر دی

خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ سیاحت نے سیاحوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی، سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جس کے باعث سیاحوں کو انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ سیاحت نے سیاحوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی چشموں کے قریب قیام سے گریز کریں اور ان سے کم از کم 20 فٹ کا فاصلہ رکھیں۔

 ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیزن میں سوئمنگ سے مکمل پرہیز کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

سیلابی ریلوں کے آس پاس گاڑی چلانے یا انہیں عبور کرنے کی کوشش نہ کی جائے کیونکہ ایسا اقدام جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔

ایڈوائرزی میں کہاگیا ہے کہ قدرتی مقامات پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے گریز کیا جائے تاکہ ماحولیاتی نظام متاثر نہ ہو۔

شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل سڑکوں اور راستوں کی صورتحال سے آگاہی حاصل کرنا بھی انتہائی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سیاح اپنے ہمراہ بنیادی ضروری اشیاء جیسے پانی، خشک راشن، ٹارچ اور ابتدائی طبی امداد کا سامان لازمی رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں مون سون کی یلغار! آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری، بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع

محکمہ سیاحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے بارے میں جاری اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں اور محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر مکمل عملدرآمد کریں۔

Scroll to Top