خیبرپختونخوا میں سال 2025 کے دوران اسلحہ لائسنس کے اجرا میں 75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی دستاویزات کے مطابق سال 2024 میں صوبے میں 5,234 اسلحہ لائسنس جاری کیے گئے تھے جن سے 21 کروڑ 11 لاکھ 50 ہزار 744 روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔
سال 2025 میں یہ تعداد بڑھ کر 9,160 ہو گئی جس سے 37 کروڑ 74 لاکھ 30 ہزار 470 روپے کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔
اس طرح مالی سال 2024-25 کے دوران خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 14,394 لائسنس جاری کیے گئے جن سے مجموعی آمدن 58 کروڑ 85 لاکھ 81 ہزار 214 روپے رہی۔
سابق انسپکٹر جنرل پولیس اختر علی شاہ نے اس رجحان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلحہ لائسنس کے اجرا میں اضافہ غیر قانونی اسلحے کے استعمال میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بہت سے لوگ بغیر لائسنس کے اسلحہ رکھتے تھے لیکن ڈیجیٹل نظام کی بدولت اب لائسنس حاصل کرنا آسان ہوگیا ہے جس سے شفافیت اور قانون کی پاسداری میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں ایک بار پھر دہشتگردوں کے نشانے پر
اختر علی شاہ کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں ممکنہ طور پر جرائم اور دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث عوام میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا ہے اور لوگ ذاتی تحفظ کے لیے قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اسلحہ لائسنس حاصل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔





