دیامر میں بھپرے ندی نالوں نے تباہی مچا دی

دیامر میں بھپرے ندی نالوں نے تباہی مچا دی

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں طوفانی بارشوں کے بعد بپھرے ندی نالوں نے خوفناک تباہی مچا دی۔

سیلابی ریلوں نے نہ صرف نظام زندگی درہم برہم کر دیا بلکہ قیمتی انسانی جانوں، املاک، مویشیوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچایا، سانحے میں 17 افراد جاں بحق ہو گئے جن میں 10 سیاح اور 7 مقامی باشندے شامل ہیں۔

ضلع بھر میں 386 مکانات مکمل طور پر منہدم ہو گئے، 78 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، سیلابی پانی نے 59 آبپاشی چینلز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، 31 فٹ طویل پل زمین بوس ہو گیا۔

تعلیمی و طبی سہولیات کو بھی شدید دھچکا پہنچا ، 10 سکولز اور 8 ہیلتھ یونٹس مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

تحصیل دفاتر اور ویٹرنری مراکز کو نقصان پہنچا جس سے عوامی سروسز کی فراہمی تعطل کا شکار ہو گئی ہے۔

دیہی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا جہاں 198 مویشی خانے، 293 جانور، 17 دکانیں، 4 ہوٹلز اور ہزاروں درخت تیز پانی میں بہہ گئے۔

بجلی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، متعدد پاور ہاؤسز اور ٹرانسفارمرز ناکارہ ہو گئے ہیں جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں اندھیرا چھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیاح ہوجائیں ہوشیار، محکمہ سیاحت نے اہم وارننگ جاری کر دی

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں، دشوار گزار راستے اور مواصلاتی نظام کی تباہی امدادی کاموں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔

Scroll to Top