پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے گرے، امریکی صدر کا دعویٰ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بندی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایسی کئی جنگیں روکی ہیں جن کے بارے میں عام طور پر سوچنا بھی مشکل تھا۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ پاک بھارت کشیدگی ایک ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو سکتی تھی، تاہم انہوں نے تجارت کے ذریعے اس جنگ کو روک دیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق اس جنگ میں 7 طیارے تباہ ہو چکے تھے اور حالات انتہائی نازک تھے۔

ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو تجارت روکنے کی دھمکی دی، جس کے نتیجے میں صرف 24 گھنٹوں کے اندر جنگ بندی ہو گئی۔ انہوں نے اپنی اس کاوش کو عالمی امن کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کبھی امریکا کے سامنے نہیں جھکے گا، سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای

یہ پہلا موقع نہیں جب ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی میں جنگ بندی کا کریڈٹ لیا ہے، ماضی میں وہ اس تنازعے میں تباہ ہونے والے طیاروں کی تعداد 5 اور 6 بھی بتا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کئی دہائیوں سے موجود ہے اور عالمی برادری اس خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔

Scroll to Top