پشاور میں مرغی مہنگی، قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں مرغی کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں صرف ایک ہفتے کے دوران زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 40 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

قیمت 440 روپے فی کلو سے بڑھ کر اب 480 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جس نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

مرغی کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سپلائی میں کمی بتائی جا رہی ہے۔ پولٹری کاروبار سے وابستہ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پرندوں کی دستیابی محدود ہونے کے باعث قیمتیں مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں صورتحال نسبتاً مستحکم ہے۔ وہاں زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 397 روپے فی کلو اور پرچون ریٹ 411 روپے فی کلو مقرر ہے، جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت 595 روپے فی کلو پر برقرار ہے۔

تاہم لاہور میں انڈوں کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اور فی درجن انڈے ایک روپیہ مہنگے ہو کر 296 روپے ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی جانب سے غزہ کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ مصر پہنچ گئی

پشاور میں مرغی کی قیمت میں مسلسل اضافے نے عوام کی قوتِ خرید پر دباؤ ڈال دیا ہے، جبکہ حکام کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات تاحال سامنے نہیں آئے۔

عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

Scroll to Top