قاہرہ: پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق غزہ کے مظلوم عوام کے لیے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ مصر کے شہر العریش کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچ گئی ہے۔
یہ امدادی پرواز وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر روانہ کی گئی تھی۔
خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے بھیجی جانے والی اس کھیپ میں 100 ٹن امدادی سامان شامل ہے، جسے مصر کے راستے غزہ کے متاثرہ شہریوں تک پہنچایا جائے گا۔
قاہرہ میں تعینات پاکستانی سفیر عامر شوکت نے العریش ایئرپورٹ پر سامان وصول کیا اور اسے مصری ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے حوالے کیا، تاکہ سامان کو بروقت غزہ منتقل کیا جا سکے۔
اس موقع پر شمالی سینا گورنریٹ کے ڈپٹی گورنر جنرل عاصم بھی موجود تھے۔ انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے گرے، امریکی صدر کا دعویٰ
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے اب تک غزہ کے لیے مجموعی طور پر 21 امدادی کھیپیں روانہ کی جا چکی ہیں، جن کا مجموعی وزن 2027 ٹن سے تجاوز کر چکا ہے۔ ان امدادی اقدامات کا مقصد جنگ زدہ غزہ کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، جو انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔
پاکستانی حکومت اور عوام کی طرف سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا یہ اظہار عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔





