لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے این اے 129 لاہور سے ضمنی الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کر دیا۔ یہ نشست ان کے والد، سینئر سیاستدان میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ والدہ کی ہدایت پر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کے اکلوتے بیٹے اور خاندان کے واحد وارث ہیں اور اپنی والدہ کو ایک اور صدمے سے دوچار نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے والد میاں اظہر کو پچھلے انتخابات کے دوران ہراسانی کا سامنا رہا، پولیس نے انہیں گرفتار کیا، اور ان کے گھر پر بارہا چھاپے مارے گئے۔
حماد اظہر کے مطابق ان کے والد 82 سال کی عمر میں بھی الیکشن لڑنے کے لیے پرعزم تھے، لیکن ریاستی جبر کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی نے 2 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے لیے امیدواروں کا اعلان کر دیا
حماد اظہر نے کہا کہ ان کا فارم 47 والی پارلیمنٹ کا حصہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں۔ اگر پاکستان تحریک انصاف ضمنی الیکشن کا بائیکاٹ نہ کرے تو ان کے کزن ارسلان ظہیر کو امیدوار کے طور پر سامنے لایا جائے گا۔
ان کے اس فیصلے کو پارٹی حلقوں میں سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے، جب کہ کارکنوں میں بھی غم و غصہ اور دکھ کا اظہار سامنے آیا ہے۔





