وفاقی تحقیقاتی ادارے نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
ایف آئی اے پشاور زون کے تحت کمرشل بینکنگ سرکل پشاور اور کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی ہے۔
کارروائیوں کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کی شناخت ساحل، افغان جان اور سعد کے نام سے ہوئی ہے۔ ان افراد کو مانسہرہ اور پشاور سے گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ ملزمان بغیر لائسنس کے غیر قانونی طور پر کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھے۔
چھاپہ مار ٹیموں نے ملزمان کے قبضے سے 50 ہزار امریکی ڈالر، 22 ہزار 700 سعودی ریال، 2 ہزار 150 یو اے ای درہم، 1060 یورو، 29 ہزار 500 افغان افغانی، 255 برطانوی پاؤنڈ، اور 75 ہزار 200 پاکستانی روپے برآمد کیے، اس کے علاوہ کینیڈین ڈالر، قطری ریال اور کویتی دینار بھی برآمد ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: طورخم بارڈرپرخواتین مسافروں کی ویڈیو بنانے والا ایف آئی اے اہلکار معطل
حکام کے مطابق ملزمان سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل کیے گئے ہیں، گرفتار افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔





