اسلام آباد: سیکیورٹی اداروں اور نیشنل سائبر کرائم ایجنسیز نے آن لائن مالی دھوکہ دہی اور جوئے کی ایپس کی تشہیر میں ملوث سوشل میڈیا شخصیات کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
معروف یوٹیوبر ’ڈکی بھائی‘ پہلے ہی قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں اور اب ان کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر مزید سوشل میڈیا شخصیات کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سسٹرولوجی فیم اقرا کنول، انس علی، مدثر حسن اور محمد حسنین کو تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے نوجوانوں کو آن لائن جوئے اور مشکوک سرمایہ کاری ایپس کی جانب راغب کیا۔
ان پر مزید یہ بھی الزامات ہیں کہ وہ جعلی اسکیموں، بوگس ویب سائٹس اور فراڈ پر مبنی آن لائن ٹریڈنگ ایپلی کیشنز کے ذریعے مالی دھوکہ دہی میں ملوث رہے ہیں۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ یہ شخصیات سوشل میڈیا پر آن لائن جوئے کی کھلے عام تشہیر کر رہی تھیں، جس سے نہ صرف نوجوان نسل متاثر ہوئی بلکہ بہت سے سادہ لوح افراد نے جعلی ویب سائٹس پر سرمایہ کاری کر کے نقصان اٹھایا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کارروائی کو آن لائن مالی جرائم کے خلاف بڑی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایپل کمپنی کا آئی فون 17 اور نئی واچز کی لانچنگ تاریخ کا اعلان
حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل فراڈ میں ملوث کسی بھی فرد کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کے لیے تمام شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔





