کے پی! خواتین کیساتھ ہراسانی واقعات کی روک تھام کیلئے پنک بٹن نصب کرنے کا فیصلہ

کے پی! خواتین کیساتھ ہراسانی واقعات کی روک تھام کیلئے پنک بٹن نصب کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا پولیس نے خواتین کو ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے اور فوری مدد کی فراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہوئے صوبے بھر میں پنک بٹن نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کیلئے محفوظ اور فوری ردعمل پر مبنی ماحول فراہم کرنا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس کے مطابق، اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں پشاور شہر میں 68 پنک بٹن نصب کیے جائینگے، جنہیں ان مقامات پر لگایا جائیگا جہاں خواتین کی نقل و حرکت زیادہ ہوتی ہے، جیسے تعلیمی ادارے، بازار، بس اڈے اور دیگر عوامی مقامات۔

حکام کے مطابق، پنک بٹن براہِ راست پولیس کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں جب کوئی خاتون اس بٹن کو دبائے گی تو نہ صرف پولیس کو فوری طور پر الرٹ موصول ہوگا بلکہ شکایت کنندہ کی ویڈیو اور آواز بھی براہ راست کنٹرول روم تک پہنچ جائے گی، جس سے بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے گی۔

سینٹرل پولیس آفس نے مزید بتایا کہ یہ بٹن صرف خواتین ہی نہیں بلکہ دیگر شہری بھی استعمال کر سکیں گے۔ اس جدید سسٹم کی مدد سے اسٹریٹ کرائم جیسے واقعات پر بھی پولیس فوری رسپانس دے سکے گی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خواتین کے تحفظ کے لیے کے پی پولیس کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ مستقبل میں اس منصوبے کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دینے کا بھی ارادہ ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو اس سہولت سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔

Scroll to Top