ترک خاتون اول امینہ اِردوان نے پاکستان میں سیلابی صورتحال پر گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کیلئے جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر امینہ اِردوان نے کہا کہ وہ 2010 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان گئی تھیں اور وہاں متاثرین کی حالت زار کو قریب سے دیکھا تھا۔ اس مشکل گھڑی میں ترکی نے پاکستان کی بھرپور مدد کی تھی اور آج بھی ترکی کے عوام کے دل، دعائیں اور امداد پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔
امینہ اِردوان نے بتایا کہ ترک ہلال احمر متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور متاثرین کو صحت، رہائش، خوراک اور صاف پانی کی فوری فراہمی کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کی۔ ساتھ ہی عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھی اس مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرے تاکہ متاثرین کے زخموں پر ہمدردی اور یکجہتی کے جذبے سے مرہم رکھا جا سکے۔





