پاکستان بھر میں آج یوم بحریہ بڑے جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر قوم اپنی بہادر پاک بحریہ کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی آبی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
یوم بحریہ کی تقریبات میں خصوصی پریڈز، سمندری مشقیں اور ثقافتی پروگرامز شامل ہیں جن کا مقصد پاک بحریہ کی بہادری، قربانی اور غیر معمولی خدمات کو یاد کرنا ہے۔ پاک بحریہ نے نہ صرف دفاع کے محاذ پر مضبوط کردار ادا کیا بلکہ فلاحی اور انسانی خدمت کے شعبے میں بھی نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے اپنی محدود وسائل کے باوجود دشمن کو زبردست دھچکا دیا۔ آپریشن دوارکا اس جنگ کا سنہری باب ہے،
جس میں پاک بحریہ نے بھارتی بندرگاہ دوارکا پر کامیاب حملہ کر کے بھارتی دفاعی نظام کو نقصان پہنچایا۔
کراچی سے 350 کلومیٹر دور واقع دوارکا کو بھارت کا دفاعی قلعہ سمجھا جاتا تھا، مگر پاک بحریہ نے اس مضبوط قلعے پر حملہ کر کے اپنی طاقت اور عزم کا لوہا منوایا۔
پاک بحریہ کے اس کامیاب آپریشن نے نہ صرف دشمن کی ریڈار صلاحیت کو مفلوج کیا بلکہ پاکستانی قوم میں حوصلہ اور جذبہ انقلاب برپا کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایس پی آر نے پاک بحریہ کی جرات و بہادری پر مبنی ویڈیو جاری کر دی
آج بھی پاک بحریہ اپنی جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ عملے کے ذریعے ملک کی آبی حدود کی حفاظت کے لیے دن رات محنت کر رہی ہے۔
یوم بحریہ کے موقع پر ہر صوبے میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے جہاں ملکی سلامتی کے لیے پاک بحریہ کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ سمندری حدود میں بھی خصوصی مشقیں کی جا رہی ہیں تاکہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو مزید بڑھایا جا سکے۔
قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے جو ہر وقت ملک کی سلامتی کے لیے چوکس ہیں اور ہر قسم کے خطرات سے ملکی حدود کا دفاع کر رہے ہیں۔





