ضلع باجوڑ: وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اوروزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و نشریات اور امور خیبرپختونخوا اختیارولی خان نے باجوڑ کا ایک روزہ دورہ کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیرِ مملکت مبارک زیب اور سینئر لیگی رہنما شہاب الدین خان بھی موجود تھے۔ وزراء اور رہنماؤں نے باجوڑ میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 20-20 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے اور متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
متاثرین کیلئے منعقدہ امدادی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ امداد وزیرِاعظم پاکستان کی جانب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہمدردی اور عملی تعاون کا مظہر ہے۔
مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نہ بجلی، نہ سکون، مردان کے شہریوں کی راتیں جاگتے گزرنے لگیں
تقریب میں یوتھ کے ڈویژنل رہنما وحیدالدین، جمعیت علماء اسلام کے رہنما سینیٹر عبدالرشید، خیبرپختونخوا کے معروف سیاسی رہنما انعام اللہ خان اور مسلم لیگ ن کے مقامی عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
رہنماؤں نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ باجوڑ سمیت خیبرپختونخوا کے پسماندہ علاقوں کی ترقی مسلم لیگ ن کی ترجیح ہے۔





