کینیڈا نے غیر ملکی یونیورسٹی پروفیسرز اور لیکچررز کے لیے ایکسپریس انٹری امیگریشن قوانین میں نرمی کردی ہے۔
قوانین کے تحت اب وظائف، تحقیقی گرانٹس اور اسکالرشپس کی صورت میں ملنے والے معاوضوں کو بھی مستقل رہائش کے لیے قابلِ قبول ملازمت کا تجربہ تصور کیا جاسکے گا۔
امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا کی جانب سے 17 نومبر 2026 کو متعارف کرائی گئی نئی تبدیلیوں کا اطلاق نیشنل آکیوپیشنل کلاسیفکیشن کوڈ 41200 کے تحت آنے والے اہل یونیورسٹی پروفیسرز اور لیکچررز پر ہوگا۔
نئے قواعد کے مطابق اہل امیدواروں کو کینیڈا میں کم از کم ایک سال کا قابلِ قبول ملازمت کا تجربہ رکھنے پر جامع درجہ بندی کے نظام میں 70 اضافی پوائنٹس، جبکہ شرائط پر پورا اترنے والی ملازمت کی پیشکش پر 100 اضافی پوائنٹس مل سکتے ہیں۔
یہ تبدیلیاں کینیڈین ایکسپیرینس کلاس اور فیڈرل اسکلڈ ورکر پروگرام کے تحت مستقل رہائش کے خواہش مند امیدواروں کے لیے متعارف کرائی گئی ہیں۔
اس پالیسی سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدواروں کو 17 نومبر 2026 یا اس کے بعد مستقل رہائش کی درخواست دینے کی دعوت موصول ہوئی ہو اور گزشتہ تین سال کے دوران کینیڈا میں کم از کم ایک سال کا کل وقتی یا اس کے مساوی جز وقتی ملازمت کا تجربہ رکھتے ہوں۔
امیدواروں کے لیے متعلقہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، زبان کی مہارت اور امیگریشن کی دیگر شرائط پوری کرنا بھی لازمی ہوگا۔
دوسری جانب پوسٹ سیکنڈری تدریسی اور تحقیقی معاونین (NOC 41201) کو اس مخصوص امیگریشن کیٹیگری سے خارج کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی شہریوں کے لئے گولڈن چانس:ملائیشیا کا گولڈن ویزا جاری کرنے کا اعلان
کینیڈین حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی ماہرین کے معاوضوں کے مختلف طریقوں کو تسلیم کرنا اور اہل افراد کے لیے مستقل رہائش کے مواقع بڑھانا ہے۔ امیدواروں کو اپنے ایکسپریس انٹری پروفائلز میں ملازمت کے تجربے کی تفصیلات اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





