مولوی یعقوب کا انٹرویو،نہ پشتونولی کے مزاج میں، نہ سفارتی آداب میں، پاکستان کا نمک کھانے کی بات رشید صافی نے یاد دلائی

پشاور: سینئر صحافی رشید صافی نے افغان وزیر دفاع مولوی یعقوب کے حالیہ انٹرویو کو سفارتی اقدار کے منافی اور پشتونولی کے مزاج سے غیر ہم آہنگ قرار دیا ہے۔

رشید صافی کا کہنا ہے کہ مولوی یعقوب صاحب شاید یہ بھول گئے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کا نمک کھایا ہے، کراچی اور چمن میں وقت گزارا ہے اور انہیں پاکستانی عوام کے مزاج کا بخوبی اندازہ ہونا چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایسے بیانات نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں ایس سی او اجلاس اور اس کے بعد چینی فوج کے طاقتور مظاہرے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او اجلاس کی اہمیت تو واضح تھی لیکن چینی فوج کے اس مظاہرے نے دنیا کو ایک واضح پیغام دیا کہ چین دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا کی صف اول کی طاقت بن چکا ہے۔

چین نے پہلی بار اپنی جدید دفاعی صلاحیتوں کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ہے اور یہ ایک بڑا چیلنج ہے جس کا جواب عالمی طاقتوں کو دینا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو زرداری نے صحافیوں پر حملے کو قابل مذمت قرار دے دیا

رشید صافی نے مزید کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے عالمی سطح پر کہا جا رہا تھا کہ یہ صدی ایشیا کی صدی ہوگی اور تیانجن میں ہونے والے ایس سی او اجلاس نے اس دعوے کی تائید کر دی ہے۔

چین نہ صرف اقتصادی میدان میں دنیا کی سب سے بڑی طاقت بن چکا ہے بلکہ دفاعی حوالے سے بھی عالمی سطح پر اپنی برتری قائم کر چکا ہے۔

یہ تبدیلی عالمی طاقتوں کے جغرافیائی و سیاسی توازن کو نئے سرے سے ترتیب دے رہی ہے اور ایشیا اب دنیا کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔

Scroll to Top