ایشیا کپ ٹی20 کے دوسرے میچ میں بھارت نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو مکمل طور پر سودمند ثابت ہوا۔ یو اے ای کی پوری ٹیم 14ویں اوور میں صرف 57 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
میزبان ٹیم کی جانب سے علی شان شرفو 22 اور کپتان محمد وسیم 19 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت دکھا سکے، تاہم باقی تمام بیٹرز دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، شیوم دوبے نے 3 شکار کیے، جب کہ جسپریت بمرا، اکثر پٹیل اور وریون چکروتی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں بھارت نے مطلوبہ ہدف 5ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اوپنر ابھیشیک شرما نے 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ شبمن گل 20 اور کپتان سوریا کمار یادیو 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یو اے ای کی جانب سے واحد وکٹ جنید صدیقی نے حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں : بیوروکریسی میں اعلیٰ سطحی تقرریاں و تبادلے
یہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی20 مقابلہ تھا۔ اس سے قبل 2016ء میں ہونے والے میچ میں بھی بھارت نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔





