صحافی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہتکِ عزت کا نوٹس بھجوا دیا

شیراز احمد شیرازی

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے صحافی پر الزامات کا معاملہ قانونی کارروائی کی جانب بڑھ گیا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران علی امین گنڈاپور نےسوال کرنے پر صحافی پرسرکاری ٹھیکے لینے اور مالی فائدہ اٹھانے کے الزامات لگائے جس پر ردعمل دیتے ہوئے صحافی عبداللہ مہمند نے انہیں ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

وکیل غلام قاسم بھٹی کے ذریعے بھیجے گئے نوٹس میں صحافی نے وزیراعلیٰ سے 7 روز کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے، بصورت دیگر عدالتی کارروائی کی دھمکی دی گئی ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر مقررہ وقت میں معافی نہ مانگی گئی تو وزیر اعلیٰ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی جس میں 11 کروڑ 30 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ بھی شامل ہے۔

نوٹس کے متن کے مطابق، علی امین گنڈاپور سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جس میڈیا کی موجودگی میں الزام لگایا گیا اسی انداز اور پلیٹ فارم پر باقاعدہ معافی مانگی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : علیمہ خان نے اسپتال کے فنڈ سے امریکا میں پراپرٹی خریدنے کے معاملے پر خاموشی توڑ دی

یہ واقعہ چند روزپہلے اسلام آباد میں اس وقت پیش آیا جب صحافی عبداللہ مہمند نے وزیراعلیٰ سے فیصل امین گنڈاپور، کامران بنگش اور تیمور جھگڑا سے متعلق سوال کیا جس پر وزیر اعلیٰ نے تلخ رویہ اختیار کرتے ہوئے صحافی پر سنگین الزامات لگا دیے۔

Scroll to Top