علیمہ خان نے اسپتال کے فنڈ سے امریکا میں پراپرٹی خریدنے کے معاملے پر خاموشی توڑ دی

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے گذشتہ روزاڈیالہ جیل کے باہر پریس کانفرنس کے دوران پیش آنے والے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے صحافی پر تشدد کی سخت مذمت کی ہے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی کے مطابق علیمہ خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو کچھ کل اڈیالہ جیل کے باہر ہوا وہ افسوسناک ہے۔جان بوجھ کر لوگوں کو اشتعال دلایا گیا، لڑائی جھگڑا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

علیمہ خان نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ افراد روزانہ وہاں آتے ہیں اور جان بوجھ کر اشتعال انگیزی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اُن کے بیٹے بھی وہاں موجود ہوتے تو ان پر بھی دہشتگردی کے مقدمات درج ہو جاتے۔

ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ یہ کہنا کہ امریکا میں ان کی جائیداد اسپتال کے فنڈز سے خریدی گئی سراسر بے بنیاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک باقاعدہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹر ہیں اور ان کا کاروبار بھی اسی شعبے سے وابستہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ سامنے لایا جائے۔

اپنے اوپر انڈا پھینکے جانے کے واقعے پر علیمہ خان نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر یہ حرکت انہوں نے خود کروائی تھی تو پولیس نے دو خواتین کو حراست میں کیوں لیا؟ ان کے بقول، بشریٰ بی بی کی بہن کو شاید کوئی غلط فہمی ہو گئی ہے۔

Scroll to Top