مون سون کاسلسلہ آئندہ2سے 3روز کے دوران جاری رہے گا، چیئرمین این ڈی ایم اے

اسلام آباد: چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 روز تک مون سون کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم ستلج، راوی اور چناب کے علاقوں میں صورتحال فی الحال کنٹرول میں ہے۔

انہوں نے ہیڈ پنجند اور گڈو بیراج پر پانی کے تیز بہاؤ کا بھی ذکر کیا۔

وفاقی وزیر مصدق ملک کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے ملک کے مختلف حصوں میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

پنجاب میں 24 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جب کہ سندھ میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے امدادی سرگرمیوں میں مصروف فلاحی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک میں زرعی اور موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے دنیا بدل رہی ہے اور پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو اس تبدیلی سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مون سون بارشیں: قیمتی جانوں کا ضیاع 910 تک جا پہنچا

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم نے 15 دن میں 300 دنوں کا جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ آئندہ مون سون سیزن کے لیے پیشگی اقدامات ممکن بنائے جا سکیں۔

مصدق ملک کے مطابق سیالکوٹ اور نارووال وہ علاقے ہیں جو حالیہ بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلاحی ادارے، نجی تنظیمیں اور سرکاری ادارے ان علاقوں میں بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ حکومت بھرپور تعاون کر رہی ہے۔

Scroll to Top