بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر جلسے کی تیاری، ذمہ داری پارٹی کے قریبی رہنما کو سونپی گئی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ستمبر میں جلسہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جس کی ذمے داری وزیر علی امین گنڈا پور کو سونپی گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پارٹی کے منتخب ارکان اسمبلی کو مسلسل نااہل قرار دیا جا رہا ہے، اور یہ سلسلہ تاحال نہیں رکا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی بار کہہ چکے ہیں کہ یہ سیاسی سختیاں بند کی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی آئین اور عدلیہ کی بالادستی کی خاطر جیل میں ہیں اور وہ ایک آزاد عدلیہ کا خواب رکھتے ہیں، جہاں ججز پر کسی قسم کا دباؤ نہ ہو۔

بیرسٹر گوہر نے پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 4 ہزار دیہات اور 42 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، لیکن پنجاب حکومت نے تاحال متاثرین کے لیے کسی قسم کا اعلان نہیں کیا۔ انہوں نے حکومت کی خاموشی کو بے حسی قرار دیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پارٹی کو سنے بغیر ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کیا اور غیر قانونی طریقے سے سزائیں سنائی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی تناؤ کا خاتمہ نہ ہوا تو ریاست اور معیشت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کے تمام ملازمین برطرف کر دیے، مالی پیکج کی تفصیلات جاری

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی ایوان کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہے، مگر ان کے لیے دروازے بند کیے جا رہے ہیں۔ ایک آزاد عدلیہ تب ہی ممکن ہے جب ججز پر دباؤ نہ ہو۔

بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا کہ عدلیہ کے بعض ججز خود بھی شکوہ کر رہے ہیں کہ ان کے ساتھ انصاف نہیں ہو رہا۔ انہوں نے بتایا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف اپیلیں دائر ہو چکی ہیں، جنہیں سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top