ایشیا کپ میں آج افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کھیلا جائے گا

ایشیا کپ میں آج افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کھیلا جائے گا

ٹی 20 ایشیا کپ 2025 کا نواں اور اہم ترین گروپ میچ آج افغانستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے میں رسائی کی امید کے ساتھ میدان میں اتریں گی، جس کے باعث میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر چکا ہے۔

افغانستان نے اب تک ایک میچ کھیلا ہے جس میں اسے ہانگ کانگ کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ ٹیم کے دو پوائنٹس ہیں اور آج کے میچ کے بعد اسے گروپ مرحلے میں ایک اور میچ کھیلنا ہے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش اب تک دو میچز کھیل چکی ہے۔ ہانگ کانگ کے خلاف فتح اور سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد اس کے بھی دو پوائنٹس ہیں۔ آج کا میچ بنگلہ دیش کے لیے گروپ مرحلے کا آخری میچ ہے، اس لیے کامیابی لازمی ہوگی۔

کامیابی کا مطلب؟
اگر بنگلہ دیش آج جیت جاتا ہے تو اس کے پوائنٹس چار ہو جائیں گے، لیکن اسے اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے رن ریٹ پر انحصار کرنا پڑے گا۔

اگر افغانستان آج فتح حاصل کرتا ہے، تو وہ براہ راست اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا، کیونکہ اس کے پاس پھر بھی ایک اور میچ باقی ہوگا۔

سری لنکا اس وقت گروپ بی میں سرفہرست ہے، دو میچز میں کامیابی کے ساتھ چار پوائنٹس حاصل کر چکا ہے۔

اگر گروپ بی میں افغانستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش تینوں کی ٹیمیں چار چار پوائنٹس حاصل کر لیتی ہیں، تو رن ریٹ فیصلہ کرے گا کہ کون سی دو ٹیمیں سپر فور کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

گروپ اے کی صورتحال
بھارت گروپ اے میں دو میچز جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ پاکستان نے ایک میچ جیتا اور ایک میں شکست کھائی، اس کے دو پوائنٹس ہیں اور وہ رن ریٹ کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر ہے۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے دو میچز کھیل کر ایک میں کامیابی حاصل کی ہے اور دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جب کہ عمان دونوں میچز ہار کر آخری پوزیشن پر ہے۔

آج کا مقابلہ نہ صرف گروپ بی کی پوزیشن کا تعین کرے گا بلکہ ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے لیے ٹیموں کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دے گا۔ شائقین کرکٹ اس سنسنی خیز ٹاکرے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

Scroll to Top