پشاور :خیبرپختونخوا میں تیسرےضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریوں کا عمل جاری ہے۔ پشاور سمیت صوبے بھر میں 913 خالی نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 155 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق جنرل نشستوں کے لیے 93 امیدوار، خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے 7، مزدور و کسان نشستوں کے لیے 14 اور یوتھ سیٹس کے لیے 41 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آج 16 ستمبر سے شروع ہو گیا ہے جو 18 ستمبر 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔
جانچ پڑتال کے بعد 19 ستمبر کو ان امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی جن کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے جائیں گے۔
کاغذات کی منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 20 سے 23 ستمبر تک داخل کی جا سکیں گی، جن پر فیصلے 26 ستمبر تک سنائے جائیں گے۔
امیدواروں کو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 29 ستمبر مقرر کی گئی ہے جبکہ 30 ستمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : قطر کے نائب وزیر اعظم کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
پولنگ 19 اکتوبر 2025 کو منعقد کی جائے گی جس کے لیے صوبائی الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔





