ایشیاکپ:پاکستان اور یو اے ای کے درمیان میچ تاخیر سے شروع ہوگا،ترجمان پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے ترجمان عامر میر نے کہا ہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے  درمیان میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی بی اور آئی سی سی حکام کے درمیان مذاکرات جاری ہیں جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مشاورت کے لیے دو سابق چیئرمینز رمیز راجہ اور نجم سیٹھی کو مدعو کیا ہے اور ان سے مشاورت کا عمل جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوگا وہ اب ساڑھے چھ بجے کی بجائے ساڑھے ساتھ بجے شروع ہوگا۔

ترجمان پی سی بی نے کہاکہ کوشش ہے کہ اچھی خبر آئے اور بعد میں چیئر مین پی سی بی محسن نقوی خود پریس کانفرنس کریں گے۔

واضح رہے کہ اتوار کو پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے موقع پر اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان آغا کو بتایا تھا کہ ٹاس کے وقت شیک ہینڈ نہیں کیا جائے گا۔ اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان میڈیا منیجر کو بھی ہدایت دی تھی کہ اس واقعے کو ریکارڈ نہ کیا جائے۔

میچ کے بعد پاکستانی میڈیا منیجر نوید اکرم چیمہ نے ایشیا کپ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا، جس پر اینڈریو رسل نے کہا کہ انہیں بھارتی بورڈ کی ہدایات موصول ہوئی ہیں، اور ان کا کہنا تھا کہ یہ بھارتی حکومت کی ہدایات ہیں۔

پاکستان نے بھارت کے خلاف رویے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کیا گیا تو وہ ایشیا کپ کے باقی میچز میں حصہ نہیں لے گا۔

Scroll to Top