پشاور ہائیکورٹ اور ضلعی عدالتوں میں موبائل سگنلز کی مسلسل بندش پر وکلا برادری نے شدید احتجاج کرتے ہوئے صوبے بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پشاور بار ایسوسی ایشن کی اپیل پر خیبرپختونخوا بار کونسل نے 18 ستمبر سے عدالتی کارروائیوں سے غیر معینہ مدت تک کے لیے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔
پشاور بار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وکلا 18 ستمبر سے عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک موبائل نیٹ ورک کی بندش کا مسئلہ حل نہیں کیا جاتا۔
بار ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ عدالتوں میں سگنلز نہ ہونے کی وجہ سے وکلا اور سائلین دونوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ بن رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ تنازع: اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان ٹیم اور مینجر سے معافی مانگ لی
وکلا نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر موبائل سروس بحال کی جائے تاکہ عدالتی امور معمول کے مطابق جاری رہ سکیں، بصورت دیگر احتجاج جاری رہے گا۔





