ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے طلبہ کی رجسٹریشن مکمل، پی ایم ڈی سی نے اعدادوشمار جاری کر دیے

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے تحت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2025 کے لیے ایک لاکھ چالیس ہزار سے زائد امیدواروں نے رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔

پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر ایک لاکھ چالیس ہزار اکہتر امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔ ٹیسٹ کا انعقاد مختلف صوبائی اور وفاقی جامعات کے ذریعے کیا جائے گا۔

اعداد وشمار کے مطابق پنجاب سے پچاس ہزار چار سو تینتالیس، خیبر پختونخوا سے انتالیس ہزار نو سو چونسٹھ، سندھ سے تینتیس ہزار ایک سو ساٹھ اور بلوچستان سے دس ہزار دو سو اٹھہتر امیدواروں نے رجسٹریشن کی ہے۔

اسطرح اسلام آباد سے ایک ہزار ایک سو چھیالیس، آزاد جموں و کشمیر سے تین ہزار تین سو بائیس، اور گلگت بلتستان سے ایک ہزار پانچ سو چون سٹوڈنٹس نے رجسٹریشن کروائی ہے، جب کہ سعودی عرب کے مرکز ریاض میں امتحان دینے کے لیے ایک سو چورانوے امیدوار رجسٹر ہوئے ہیں۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ٹیسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری متعلقہ جامعات پر ہوگی، جب کہ پی ایم ڈی سی نے مشترکہ نصاب اور سوالات کے لیے سوالات کا بینک تیار کیا ہے، جس کی بنیاد پر تمام صوبوں میں یکساں پرچہ استعمال کیا جائے گا۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ سوالنامے کی تیاری سے لے کر نتائج کے اعلان تک تمام مراحل میں پی ایم ڈی سی کے طے شدہ معیارات کی مکمل پابندی لازمی ہوگی۔

تمام جامعات کو ہدایت دی گئی ہے کہ امتحانی مراکز میں سہولیات کو بہتر بنایا جائے تاکہ بڑی تعداد میں شرکت کرنے والے طلبہ کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ پی ایم ڈی سی اور متعلقہ جامعات وفاقی تحقیقاتی ادارے، انٹیلیجنس بیورو اور پولیس سمیت سکیورٹی اداروں سے بھی مکمل رابطے میں ہیں تاکہ امتحان کے دوران نقل یا سوالنامہ لیک ہونے جیسے کسی بھی واقعے سے بچا جا سکے۔

ادارے نے طلبہ کو تنبیہ کی ہے کہ وہ صرف پی ایم ڈی سی یا متعلقہ جامعات کی جاری کردہ ہدایات پر انحصار کریں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں۔

پی ایم ڈی سی نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ کسی بھی بدعنوانی یا بے ضابطگی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج نے جامعات پر زور دیا ہے کہ وہ امتحان کے پرامن اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن انتظامات کریں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: سابق صوبائی وزیرکامران بنگش کے خلاف ہتک عزت کیس خارج

واضح رہے کہ ایم ڈی کیٹ امتحان 5 اکتوبر کو منعقد ہونا تھا تاہم ملک کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں طلبہ کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب یہ امتحان 26 اکتوبر 2025 بروز اتوار کو ہوگا۔

Scroll to Top