سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش اب مہنگی پڑے گی، ایف بی آر کا شکنجہ تیار

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سوشل میڈیا پر پرتعیش طرزِ زندگی کا مظاہرہ کرنے والے نان فائلرز انفلوئنسرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایسے تمام افراد جو سوشل میڈیا پر دولت، مہنگی گاڑیوں، برانڈڈ لباس، شاہانہ رہائش اور غیر ملکی سفروں کی نمائش کرتے ہیں مگر ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں جلد ایف بی آر کی گرفت میں ہوں گے۔

ایف بی آر نے نادرا کی مدد سے ان بااثر افراد کا مکمل ڈیٹا حاصل کر لیا ہے جس میں ان کے بینک اکاؤنٹس، اخراجات، کریڈٹ اور اے ٹی ایم کارڈز کی ٹرانزیکشنز، بیرونِ ملک سفر کی تفصیلات سمیت دیگر اہم مالی معلومات شامل ہیں.

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق ان معلومات کی بنیاد پر انفلوئنسرز کی آمدن اور طرزِ زندگی میں پائے جانے والے تضاد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:: حکومت کا بڑا فیصلہ، ایف بی آر کو نان فائلرز کو زبردستی رجسٹر کرنے کا اختیار مل گیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے 30 ستمبر تک انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے والوں کی فہرست کو حتمی شکل دی جا رہی ہے جس کے بعد اکتوبر سے نان فائلرز کے خلاف ملک گیر سطح پر کارروائیاں شروع ہوں گی۔

Scroll to Top