وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مریم نواز کی جانب سے پاک سعودی معاہدے اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر کی جانے والی تنقید کو نالائق ذہن کی عکاسی قرار دے دیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پاک سعودی معاہدہ دو پارٹیوں کا معاملہ نہیں بلکہ دو ریاستوں کے درمیان ہوا ہے جس میں شہباز شریف کا کردار واضح اور نمایاں ہے۔
مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جعلی حکومت کو چاہیے کہ مہنگائی پر قابو پانے پر توجہ دے کیونکہ عوام شدید مالی مشکلات اور افلاس کا شکار ہیں، انہوں نے کہا حرمین شریفین کی حفاظت تمام مسلمانوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
بیرسٹر سیف نے ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے مسئلے پر بھی بات کی اور کہا کہ حکومت کو دہشت گردی کی آگ کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔
مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ وزیراعظم کو مشورہ ہے سعودی عرب کے بعد افغانستان کا بھی دورہ کریں کیونکہ دہشت گردی کی روک تھام کے لیے افغانستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنا ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نصیب کی بات ہے، پنجاب کو مریم نواز ملی، خیبرپختونخوا کو بدر منیر، ایمل ولی خان
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے جس کے حل کے لیے افغانستان سے دفاعی معاہدہ بھی ضروری ہے تاکہ ملک کو داخلی و خارجی خطرات سے بچایا جا سکے۔





