وفاقی دارالحکومت کو سعودی عرب کے قومی دن کی تقریبات کے لیے سجایا گیا

اسلام آباد : سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔

شہر کی اہم عمارتیں اور شاہراہیں سبز رنگ کی روشنیوں سے منور ہو گئی ہیں، جس سے ایک خوشگوار اور شاندار منظر قائم ہو گیا ہے۔

شاہراہ دستور، سری نگر ہائی وے، قائداعظم ایونیو اور فیصل ایونیو پر سبز روشنیوں کی چمک نے شہر کو جشن کی فضاء سے بھر دیا ہے۔

علاوہ ازیں شاہراہ دستور اور سری نگر ہائی وے پر وزیراعظم، سعودی فرمانروا، ولی عہد اور فیلڈ مارشل کی تصاویر والے سٹیمرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔

ڈی چوک پر بھی شہباز شریف، شاہ سلمان، محمد بن سلمان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تصاویر والی ہورڈنگز نصب کی گئی ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں بھی سعودی عرب کے قومی دن کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جہاں پریس کلب چورنگی پر برقی قمقمے اور پاکستان و سعودی عرب کے پرچموں سے سجاوٹ کی گئی۔ اس موقع پر آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا جس نے تقریب کو مزید رونق بخشی۔

یہ بھی پڑھیں : گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ، عوام پریشان

نائب قونصل جنرل سعودی عرب عبدالرحمان جمعہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب کا قومی دن جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، جس پر وہ خوش ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط کرنے والا قرار دیا۔

عبدالرحمان جمعہ نے گورنر سندھ اور ان کے صاحبزادے زید خان ٹیسوری کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سعودی عرب کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا، جو پاکستان اور سعودی عرب کے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top