شہزاد نوید
سوات : سوات کے علاقے مٹہ میں پولیس نے عوامی تحفظ اور امن قائم رکھنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ شیر اکبر اور ڈی پی او سوات محمد عمر خان کی ہدایات کے مطابق تحصیل مٹہ کے مختلف علاقوں جیسے شکردرہ، مٹہ، گوالیری، چپریال اور کالاکوٹ میں ناکہ بندیاں، سنیپ چیکنگ، پیدل گشت اور موبائل پٹرولنگ کی جارہی ہے۔
ان کوششوں کے دوران پولیس نے 250 سے زائد گاڑیوں اور 200 سے زائد موٹر سائیکلوں کی تفصیلی تلاشی لی، جبکہ مختلف مقامات پر 350 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔
اس امن و امان کی کارروائی کا مقصد جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کی نقل و حرکت کو محدود کرنا اور معاشرتی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ سپر فور، پاکستان نے سری لنکا کو5 وکٹ سے شکست دے دی
ڈی پی او سوات نے واضح کیا ہے کہ ناکہ بندی، چیکنگ اور گشت کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھا جائے گا تاکہ عوامی تحفظ مزید مضبوط اور پائیدار بنایا جا سکے۔
سوات پولیس کی جانب سے عوام کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔





