اسلام آباد: تحریک انصاف سے وابستہ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ فلک جاوید کو پولیس نے اسلام آباد کے پوش علاقے ایف-10 سے گرفتار کر لیا ہے۔ سینئر صحافی حسن ایوب کے مطابق گرفتاری بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کے فلیٹ سے عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کے مطابق فلک جاوید پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا کو بارہا غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرتی رہی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق فلک جاوید نے پاکستان کے “PECA” ایکٹ کی کئی شقوں کی خلاف ورزی کی اور ریاستی اداروں کے خلاف مسلسل منفی مہم کا حصہ بنی رہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش تھیں، لیکن ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں انتہائی مہارت سے گرفتار کیا گیا۔
فلک جاوید اور اُن کی بہن صنم جاوید پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں اور حکومتی شخصیات کے خلاف من گھڑت الزامات اور جھوٹے پراپیگنڈے پھیلانے میں ملوث رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی نے امریکا کی رکنیت فوری طور پر معطل کر دی
ان سرگرمیوں کو نہ صرف گمراہ کن قرار دیا جا رہا ہے بلکہ اسے ریاستی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش بھی تصور کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الزامات کی روشنی میں شفاف اور مکمل تفتیش ناگزیر ہے تاکہ تمام حقائق منظرِ عام پر آ سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور فلک جاوید سمیت کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔





