فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہےکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 ہے اور اسے بڑھایا نہیں جائے گا۔
ایف بی آر نے بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا کہ مقررہ تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کروانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں بھاری جرمانے، بینک اکاؤنٹس منجمد کرنا اور بیرونِ ملک سفر پر پابندی جیسے اقدامات شامل ہوسکتے ہیں، جب کہ وقت پر فائل کرنے والے انہی سزاؤں سے مستثنیٰ رہیں گے۔
ایف بی آر نے کہا کہ تمام تنخواہ دار اور کاروباری افراد مقررہ وقت تک اپنے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرائیں،ادارہ ریجنل ٹیکس دفاتر (RTOs) اور ہیلپ لائن کے ذریعے ٹیکس دہندگان کو تعاون فراہم کر رہا ہے۔ ادارے نے پہلے بھی واضح کیا تھا کہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم 2025 میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ فارم 7 جولائی 2025 کو ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ فارم کے صفحہ 66 پر اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا لازمی ہے، مگر بعض ٹیکس دہندگان نے وہاں غلطی سے “صفر” درج کر دیا تھا جس سے انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور کا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا،سلمان اکرم راجہ
ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان سے کہا ہے کہ وہ اپنی جائیداد اور اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو قریب ترین اصل قیمت کے مطابق ظاہر کریں تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔





