ایشیا کپ: بھارت نے سری لنکا کو بڑا ہدف دیدیا

دبئی میں جاری ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے آخری مقابلے میں بھارت نے سری لنکا کو جیت کے لیے 203 رنز کا مشکل ہدف دے دیا۔

سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کا آغاز جارحانہ رہا۔ اوپنر ابھیشک شرما نے صرف 31 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز اسکور کیے۔ مڈل آرڈر میں تلک ورما 49 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سنجو سیمسن نے 39 رنز بنائے۔ شبمن گل، ہاردیک پانڈیا اور سوریا کمار یادیو بالترتیب 4، 2 اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آخر میں اکشر پٹیل 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود رہے۔

بولنگ کے شعبے میں سری لنکن ٹیم کے پانچ مختلف بولرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی ٹیم نے اس میچ کے لیے اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کیں،جسپریت بمراہ کی جگہ ارشدیپ سنگھ کو شامل کیا گیا جبکہ شیوام دوبے کی جگہ ہرشیت رانا کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : علیمہ خان پشاورجلسہ گاہ پہنچ گئی،پی ٹی آئی کارکنان کیلئے خصوصی پیغام جاری کردیا

خیال رہے کہ بھارت اور پاکستان پہلے ہی ایشیا کپ 2025 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں، جو 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

Scroll to Top