وزیراعظم دورہ امریکا مکمل کرکے جنیوا روانہ ہو گئے

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امریکہ کا سرکاری دورہ مکمل کر کے جنیوا روانگی اختیار کر لی ہے، جہاں وہ اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کریں گے۔ بعد ازاں وہ آج ہی جنیوا سے لندن روانہ ہوں گے اور وہاں تین روزہ قیام کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے قرآن مجید کی آیت کریمہ سے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے ایک پُراثر تقریر کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مشکل حالات میں قیادت کو سراہا اور دنیا کو درپیش چیلنجز پر کھل کر اظہار خیال کیا۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا’’دنیا میں انسانی بحران خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں، دہشت گردی ایک عالمی خطرہ بن چکی ہے، اور جعلی خبروں نے عالمی اعتماد کو متزلزل کر دیا ہے۔‘‘

انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کو انسانیت کی بقا کے لیے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ شہباز شریف نے بھارتی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت سیاسی مقاصد کے لیے پہلگام واقعہ جیسے سانحات کو استعمال کر رہا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ رہی ہے۔

وزیراعظم نے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے دشمنوں کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا’’فیلڈ مارشل کی قیادت میں حالیہ جنگ میں پاک فضائیہ نے 7 بھارتی طیارے گرائے۔ بھارت کو یہ تاریخی سبق ہمیشہ یاد رہے گا‘‘

وزیراعظم شہباز شریف کا جنیوا میں مختصر قیام متوقع ہے، جہاں وہ نواز شریف کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ، اقوام متحدہ کے اجلاس کی تفصیلات بھی ان سے شیئر کریں گے۔ بعد ازاں وہ لندن میں تین روز گزاریں گے، جہاں اہم سیاسی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

Scroll to Top