ایشیا کپ 2025 کے ممکنہ پاک،بھارت فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کو شدید دھچکا لگنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، کیونکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا اور نوجوان کھلاڑی ابھیشیک شرما کی فٹنس پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
بھارتی باؤلنگ کوچ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کی انجری کا آج رات اور کل صبح مکمل جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد ان کی فائنل میں شمولیت کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف میچ کے پہلے اوور میں ہی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے اور پورے میچ کے دوران دوبارہ میدان میں واپس نہ آ سکے۔ ان کی غیر موجودگی بھارتی ٹیم کے توازن کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے۔
ادھر نوجوان بلے باز ابھیشیک شرما نے بھی میچ کا دوسرا ہاف میدان سے باہر گزارا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بھی مکمل فٹ نہیں ہیں۔ اگر یہ دونوں کھلاڑی فائنل سے قبل مکمل طور پر صحتیاب نہ ہو سکے تو بھارتی ٹیم کو اپنے کمبی نیشن میں بڑے فیصلے کرنا ہوں گے۔
ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کی ممکنہ ٹکر نے پہلے ہی شائقین کو جوش میں ڈال رکھا ہے، اور ایسے میں بھارتی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کی ممکنہ غیر موجودگی میچ کے نتائج پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔





