ایشیا کپ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ پاکستان اور بھارت آج فائنل میں مدمقابل

ایشیا کپ کا تاج کس کے سر سجے گا؟ پاکستان اور بھارت آج فائنل میں مدمقابل

کرکٹ کے دیوانوں کے لیے آج کا دن ایک بڑا امتحان ہے، کیونکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹی20 ایشیا کپ کے تاریخی فائنل میں دبئی کے میدان میں مدمقابل ہوں گے۔ ایشیا میں کرکٹ کا بادشاہ کون بنے گا، اس کا فیصلہ آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں دونوں روایتی حریف آمنے سامنے آ رہے ہیں، جس نے شائقین کے جوش و خروش کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ 28 ہزار شائقین کی گنجائش والا دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم مکمل طور پر ہاؤس فل ہو چکا ہے، اور شائقین کی نظریں اس تاریخی ٹاکرے پر جمی ہوئی ہیں۔

پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور فتح کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا’’ہم ایشیا کپ جیتنے آئے تھے، اور ان شاء اللہ جیت کر ہی واپس جائیں گے۔ میدان میں دباؤ ضرور ہوتا ہے، لیکن ہماری ٹیم اس سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔‘‘

دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے اگرچہ پاکستان کو ’’روایتی حریف‘‘ تسلیم کرنے سے گریز کیا، لیکن اعداد و شمار کچھ اور کہانی سناتے ہیں۔ اب تک پاکستان اور بھارت پانچ بار کسی فائنل میں ٹکرائے ہیں، جن میں پاکستان نے تین بار کامیابی حاصل کی۔

پاکستان نے گروپ اسٹیج میں بھارت سے دو بار شکست کھانے کے باوجود شاندار کم بیک کیا اور بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ میچ کے ہیرو حارث رؤف نے وعدہ کیا کہ فائنل میں بھارت کو شکست دے کر شائقین کو خوشخبری دی جائے گی۔

بھارت نے سپر فور مرحلے میں سری لنکا سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں فتح حاصل کی، جو اس کی فائنل تک رسائی کا سبب بنا۔

فائنل میچ کے حوالے سے سلمان علی آغا نے بتایا کہ ٹیم کمبی نیشن کا فیصلہ پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر کیا جائے گا۔ اسپنرز یا فاسٹ باؤلرز میں سے کسی کو منتخب کرنے کا انحصار میدان کی صورتحال پر ہوگا۔

بھارت کے پاس اگرچہ مختصر فارمیٹ میں کچھ بہتر ریکارڈ موجود ہے، لیکن کرکٹ کے غیر متوقع مزاج کو دیکھتے ہوئے کسی بھی ٹیم کے جیتنے کا امکان موجود ہے۔ چند اوورز میں اچھی کارکردگی کسی بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر سکتی ہے۔

دبئی میں موجود پاکستانی شائقین کا جوش قابل دید ہے۔ وہ گرین شرٹس سے بھرپور توقعات لگائے بیٹھے ہیں کہ شاہین، حارث اور فرحان میدان میں بھارتی بیٹنگ لائن کو ناکام بنائیں گے اور ایشیا کپ کا تاج پاکستان کے سر سجے گا۔

Scroll to Top