انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ کے حوالے سے ایف بی آر کا اہم بیان

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اعلان کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے، اور اس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔ ادارے کے مطابق ٹیکس گزار رات 12 بجے سے قبل اپنے ریٹرن جمع کروا سکتے ہیں۔

ایف بی آر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نئے سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے ذریعے شہری آسانی سے گوشوارے جمع کر سکتے ہیں۔ مقررہ وقت کے بعد ریٹرن فائل نہ کرنے والے افراد کو لیٹ فائلر شمار کیا جائے گا اور ان پر قانون کے مطابق جرمانے عائد ہوں گے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ واجب الادا ٹیکس ادا کرنے والے ٹیکس گزار مخصوص شرائط کے تحت پندرہ دن کی توسیع حاصل کر سکتے ہیں۔ تاہم انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی عمومی تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جا رہی۔

اس سے قبل ایف بی آر نے میڈیا پر گردش کرنے والی تاریخ میں توسیع سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا تھا۔ ترجمان کے مطابق ان افواہوں پر توجہ نہ دی جائے کیونکہ آج کی تاریخ حتمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عوام کو امن دینے کے بجائے حکومتی نمائندے خود جلسوں میں امن کی بھیک مانگتے ہیں،سابق وزیراعلی محمود خان

ترجمان ایف بی آر نے مزید کہا کہ زیادہ تر ٹیکس دہندگان کسی قدرتی آفت سے متاثر نہیں ہوئے اور ان کے پاس ریٹرن جمع کرانے کے لیے کافی وقت موجود تھا۔ آئی آر آئی ایس سسٹم کی سست رفتاری کی شکایات کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ آن لائن پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال ہے اور بلا رکاوٹ کام کر رہا ہے۔

Scroll to Top