اعجاز آفریدی
پشاور: پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) خیبر پختونخوا نے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) کے ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر صوبے کے متعدد اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق 2 سے 7 اکتوبر 2025 کے دوران خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث گلیشیائی علاقوں میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF) کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے اس ضمن میں تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات سے متعلق مراسلہ جاری کر دیا ہے اور چترال اپر، چترال لوئر، دیر، سوات اور اپر کوہستان کے عوام کو ممکنہ خطرات کے حوالے سے خبردار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادارے کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ سسٹمز کی تیاری، اور انخلاء کی مشقوں کو یقینی بنائیں۔ ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں لے جانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلا کے لیے مقامات کی تیاری، ہنگامی سامان کی دستیابی اور ریسکیو سروسز کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی سیاحوں کو بھی محتاط رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس (C&W) ڈیپارٹمنٹ کو بھی الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں فوری ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے، جب کہ عام شہریوں کے لیے ایک آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے اقدامات سے بروقت آگاہی دی جا سکے۔
ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔





