فضائی آلودگی کا سب سے بڑا سبب کیا ہے؟ ماہر ماحولیات نے وضاحت کر دی

ماہر ماحولیات یاسر دریا کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل اور رکشوں سے سب سے زیادہ فضائی آلودگی پیدا ہوتی ہےاس لیے انہیں جلد از جلد الیکٹرک ماڈلز میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں انہوں نے بتایا کہ عالمی بینک نے فضائی معیار بہتر بنانے کے لیے 30 کروڑ ڈالر کا پیکیج فراہم کیا ہے۔

یاسر دریا نے بتایا کہ پچھلے سال لاہور، ملتان سمیت کئی شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی خراب رہی، جس سے شہری شدید متاثر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت الیکٹرک وہیکلز کی طرف سنجیدگی سے متوجہ ہوئی ہے اور 2025 میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی بھی منظور کی جا چکی ہے۔

ماہر ماحولیات کے مطابق فضائی آلودگی کی سب سے بڑی وجہ پیٹرول اور ڈیزل پر چلنے والی گاڑیاں ہیں۔

یاسر دریا نے مزید کہا کہ موٹرسائیکل اور رکشے آلودگی میں سب سے بڑا کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے انہیں 2030 تک مکمل طور پر الیکٹرک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

فضائی آلودگی کے دوسرے بڑے سبب بجلی پیدا کرنے والے پلانٹس ہیں، جن میں گرین انرجی کی طرف بڑھنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اگرچہ سندھ میں ابھی بھی کوئلے پر انحصار زیادہ ہے، مگر مجموعی طور پر پاور سیکٹر کی منصوبہ بندی بہتر ہوئی ہے۔

Scroll to Top