تل ابیب: اسرائیل نے غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والی کشتیوں کے گروپ گلوبل صمود فلوٹیلا کے مزید 171 گرفتار ارکان کو ملک بدر کر دیا ہے۔
تاہم پاکستانی سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اب بھی اسرائیل کی قید میں موجود ہیں اور ان کی رہائی کے حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ ملک بدر کیے گئے افراد کا تعلق یورپ اور امریکہ کے مختلف ممالک سے ہے، جن میں یونان، اٹلی، فرانس، آئرلینڈ، سویڈن، پولینڈ، جرمنی، بلغاریہ، لیتھوانیا، آسٹریا، لکسمبرگ، فن لینڈ، ڈنمارک، سلواکیہ، سوئٹزرلینڈ، ناروے، برطانیہ، سربیا اور امریکہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی ورکر صنم جاوید کو گرفتار کرلیا گیا
بیان میں مزید بتایا گیا کہ گرفتار افراد کو یونان اور سلواکیہ بھیجا گیا ہے۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا ہے جب اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے تمام ارکان کو گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیل نے 450 سے زائد گرفتار افراد میں سے 170 کو پہلے ہی ملک بدر کر چکا ہے، جبکہ پاکستانی سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی قید اب بھی برقرار ہے۔





